May ۱۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران گیس منصوبے پرعمل درآمد کے امکانات تلاش کئے جائیں: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم نے وزارت خزانہ کوگیس منصوبے پرعمل درآمد کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ایران کے نوٹس پر غور کے لیے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کیے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ، امریکا، یورپی یونین سمیت دیگر فورمز کو قانونی یادداشت بھیجنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایران پر امریکی پابندیاں منصوبے پرذمہ داریاں پوری کرنے میں رکاوٹ ہیں اس سلسلے میں انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ایران کے ساتھ آئی پی گیس منصوبے کیلئے مفاہمتی طریقہ اختیار کیا جائے اور مل کر منصوبے پرعمل درآمد کے امکانات تلاش کئے جائیں۔

وزیراعظم کی جانب سے وزارت خارجہ کو ایران کے ساتھ تناؤ ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی اداروں سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر واضح پوزیشن لی جائے۔

در ایں اثناء پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق وزارت پیٹرولیم نے ایران کو خط کا جواب بھجوا دیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کا پابند ہے تاہم ایران پر امریکی پابندیاں ختم ہونے پرمنصوبہ مکمل کرلیں گے۔

واضح رہے ایران نے 28 فروری 2019 کو گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کے لئے نوٹس بھجوایا تھا جس میں کہا گیا کہ اگر پاکستان پائپ لائن مکمل نہیں کرتا تو عالمی عدالت انصاف جائیں گے۔

ٹیگس