پاکستان میں کریک ڈاون، کالعدم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے متعدد دہشتگرد گرفتار
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب حکومت نے لاہور، گجرانوالہ اور راولپنڈی سے کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پریس کانفرنس میں سید صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ چندہ اکٹھا کرنے اور دیگر سرگرمیوں کے باعث کالعدم دہشتگرد سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی، جیش محمد اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں کو راولپنڈی، لاہور، ملتان اور گجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
صمصام بخاری نے کہا کہ ان میں گوجرانوالہ سے کالعدم سپاہ صحابہ کے محمد زاہد، کالعدم جیش محمد کے عرفان احمد، لاہور سے کالعدم سپاہ صحابہ کے حافظ محمد حمزہ، حافظ حنظلہ کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی سے کالعدم جیش محمد کے ظفر اقبال اور ملتان سے لشکر جھنگوی کے محمد اعجاز کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری نے کہا کہ یہ اقدامات ہندوستان یا عالمی دباؤ کی وجہ سے نہیں بلکہ ملکی مفاد میں کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اس قسم کی تنظیمیں ملوث ہیں جن کی وجہ سے اس ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی ہے۔