Jun ۱۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۱ Asia/Tehran
  • حکومت کا خاتمہ ہی موجودہ صورتحال سے نجات کا ذریعہ: اپوزیشن

حکومت مخالف تحریک چلانے کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان نےصلاح و مشورے کیے ۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماوں کی بڑی بیٹھک ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ منظور نہ ہونے دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ آئی ایم ایف کے نمائندوں نے بنایا ہے جو عوام اور ملک دشمن ہے۔

ملاقات کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا، پاکستان کی تاریخ میں اتنے قرضے نہیں لیے جتنے اس حکومت نے لے لئے، ڈالرکی قیمت 157 تک چلی گئی ہے، غریب شہری  آج  بازار سے راشن خریدنے کے قابل نہیں رہا، حکومت کا خاتمہ ہی موجودہ صورتحال سے نجات کا ذریعہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ بجٹ ملک اور غریب دشمن ہے جسے براہ راست آئی ایم ایف نے یہاں آ کر بنایا ہے، اور ہمیں معاشی غلام بنا دیا گیا، آج ملاقات میں اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک اور اے پی سی پر مشاورت ہوئی، جون کے آخری عشرے میں اے پی سی کریں گے اوراسی کے فیصلوں کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل طے کریں گے اور ایک متفقہ بیانیہ لےکرپارٹیاں میدان میں آئیں گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت مدت پوری کرے یا نہ کرے پارلیمان کو مدت پوری کرنی چاہئے، پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کہتی آئی ہے نظام چلتا رہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ 10 ماہ کے ظالمانہ اقدامات نے عام آدمی کی زندگی جہنم بنا دی، عام آدمی سے مل کر حکومت کو غریب دشمن بجٹ واپس لینے پر مجبور کریں گے۔

ٹیگس