Jul ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
  •   ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر پاکستان کی تاکید

پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستانی یونیورسٹیاں مختلف شعبوں خاص طور پر ریاضی، فن معماری و ہنر اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور طلبا کے تبادلے کے امور میں ایران کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایران کے صوبہ اصفہان کے گورنر عباس رضائی سے ملاقات میں کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ اچھا تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میدان میں اصفہان شہر میں بھی خاصی توانائی پائی جاتی ہے- پاکستان کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں توسیع کے تعلق سے سائنس و ٹیکنالوجی اور ای سی او کے سائنسی فاؤنڈیشن کے اہم کردار کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ایران، پاکستان اورترکی جیسے ممالک ان تعلقات کی تقویت میں اہم رول ادا کر سکتے ہیں - ایران کے صوبہ اصفہان کے گورنر عباس رضائی نے بھی اس ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور پاکستان کے اشتراکات صرف زبان و ادب تک محدود نہیں ہیں بلکہ اہم ترین اشتراکات دین اسلام اور دونوں اقوام کے درمیان اخوت و بھائی چارہ ہے، کہا کہ علاقے کے عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے مسائل و مشکلات آپسی تعاون کے ذریعے حل کریں - پاکستان کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری، ای سی او کے سائنسی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چوتھے اجلاس میں شرکت کے لئے اصفہان کے دورے پر ہیں - منگل کو اجلاس کے دوسرے دن بورڈ کے اجلاس میں پاکستان اور ایران کے سائنس و ٹیکنالوجی کے وزرا، ای سی او کے سیکریٹری جنرل اور رکن ملکوں کے اعلی وفود شریک ہوئے-

 

ٹیگس