Jul ۱۶, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب 30 افراد جاں بحق درجنوں لاپتہ

وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے لیسوا میں کلاؤڈ برسٹ ہوگیا جس کے نتیجے میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا اور  موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئیں۔

سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آکر 2 مساجد اور ڈیڑھ درجن سے زائد مکانات بہہ گئے اور 30 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں سیلابی ریلے میں بہہ کر دریائے نیلم میں چلی گئیں۔ لینڈ سلائیڈنگ سے لیسوا بازار مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے

جاں بحق ہونے والوں میں 11 تبلیغی جماعت کے ارکان بھی شامل ہیں، خاتون سمیت 2 لاشیں مل گئیں۔ مقامی افراد اور صحافیوں کے مطابق 41 افراد لاپتہ ہیں۔

ادھر خبریں ہیں کہ فیصل آباد کے دینی مدرسے کے 5 طلبہ بھی مظفرآباد لینڈ سلائیڈنگ کے دوران لاپتہ ہو گئے ہیں۔ پانچوں طلبہ چھٹیوں کے دوران تبلیغی جماعت کے ساتھ گئے تھے۔ پانچوں طلبہ کا ابھی تک سراغ نہیں ملا جس سے ان کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 گھروں، دکانوں اور مساجد سمیت کل 100 سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں، متاثرہ علاقوں میں راشن اور خیمے پہنچا دیے گئے، امدادی کارروائیوں میں این ڈی ایم اے کے اہلکاروں سمیت پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹرز اور 50 جوان بھی شامل ہیں۔

پوری وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ ٹوٹی سڑکیں، دشوار راستے، سیلاب، بارش اور سخت موسم کے باعث درست اعدادوشمار حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

 

ٹیگس