Jul ۲۹, ۲۰۱۹ ۰۷:۲۹ Asia/Tehran
  • عمران خان کی حکومت کو اگست تک کی ڈیڈ لائن

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کی حکومت کو مستعفی ہونے کے لئے اگست تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

کوئٹہ میں جے یو آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے تسلیم کیا کہ الیکشن جعلی ہیں، علی الاعلان کہتا ہوں آپ کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے یہ جمہوری حکومت نہیں ہے اسے جعلی مینڈیٹ کے ذریعے عوام پر مسلط کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوئٹہ میں آج ہمارا آخری ملین مارچ ہے اب اگلی بار اسلام آباد جائیں گے ان کو مہلت دے رہے ہیں اگست کے مہینے میں مستعفی ہو جائیں اگر استعفیٰ نہ دیا تو اکتوبر میں پورا ملک اسلام آباد میں ہو گا، جس طرح انگریزوں سے آزادی حاصل کی ان سے بھی کریں گے۔

دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمٰن کے اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے اعلان کے جواب میں ردعمل میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو چاہئیے کہ جمہوریت پر خود کش حملہ کرنے کے بجائے حجرے کا رخ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب، سڑکوں پر فساد پھیلانے کے بجائے، تبلیغ برائے اصلاح کا فریضہ سرانجام دیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مولانا صاحب! کرسی کی بے تابی میں جمہوریت سے نہ کھیلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب 2018 کے انتخابات میں اپنی شکست اور سیاسی محرومی کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں۔

ٹیگس