Aug ۲۵, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • نریندرمودی کیلئے امارات کے اعلی ایوارڈ پر پاکستانی سنیٹ کے چیئرمین کا دورہ امارات منسوخ

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے چیئرمین صادق سنجرانی نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے پس منظر میں عرب ملک کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیاہے۔

سینیٹ سیکٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے متحدہ عرب امارات کا پہلے سے طے شدہ سرکاری دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ یہ دورہ ہندوستان کے وزیراعظم کے حالیہ دورے کے پس منظر کو دیکھتے ہوئے منسوخ کیا گیا۔

اس بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور مودی حکومت کی جانب سے اس وقت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم کی انتہا ہے اور وہاں کرفیو نافذ ہے۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسے موقع پر یو اے ای کا دورہ پاکستانی قوم اور کشمیری ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی دل آزاری کا باعث بنے گا، اس لیے چیئرمین سینیٹ نے اپنا اور پارلیمانی وفد کا دورہ منسوخ کیاہے۔

پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی موجودہ صورتحال کے باوجود متحدہ عرب امارات نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد بن زید النہیان نے نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور انہیں امارات کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ آرڈر آف زیاد‘سے نوازا تھا جبکہ اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’آپ (ایوارڈ) کے حقدار ہیں۔

یاد رہے کہ ہندوستان نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کردیا تھا اور اس علاقے کو ۳ حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس اعلان  کے ساتھ ہی وادی کے 70 لاکھ لوگوں کے لیے ٹیلی فونک رابطے، موبائل فون، بروڈبینڈ انٹرنیٹ اور کیبل ٹی وی سروسز کو معطل کردیا تھا۔

علاوہ ازیں ہندوستان کی جانب سے متنازع علاقے کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد مزاحمت کو روکنے کے لیے مکمل سیکیورٹی لاک کردیا گیا تھا جبکہ اب تک وادی میں کرفیو بھی نافذ ہے۔

ٹیگس