خورشید شاہ کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی کا رد عمل
پیپلز پارٹی نے نیب کے کالے قانون کی سخت مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اہم ترین اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان اپوزیشن کو سیاسی قیدی بنا رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے والا وزیراعظم کشمیریوں کی آواز کیسے بن سکتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری سے کشمیر کانفرنس سے توجہ ہٹائی گئی۔ اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مشرف کے بنائے ہوئے نیب کے کالے قانون کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نیب کا کالا قانون سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ جب بھی کشمیر کے حوالے سے متحد ہوتے ہیں تو کوئی گرفتاری ہو جاتی ہے۔ آج پھر ایک سیاسی گرفتاری کی گئی۔ وزیراعظم قومی اتحاد کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کو فاشزم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں بختاور بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری طاقت کا ایک اور مظاہرہ ہے۔ نیب نے خورشید شاہ کو گرفتار کرکے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے۔
واضح رہے کہ کل قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی تھی۔ خورشید شاہ کے خلاف 7 اگست سے تحقیقات کا آغاز ہوا تھا۔