عمران خان کو مستعفی ہونے کے لئے 2 دن کی مہلت
مولانا فضل الرحمان نے پاکستان کے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کے لیے 2 دن کی مہلت دی ہے۔
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے اور اداروں کو حکومت کی پشت پناہی ختم کرنے کیلئے صرف 2 دن کی مہلت ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اداروں سے تصادم نہیں بلکہ ان کا استحکام چاہتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم اداروں کو غیر جانبدار بھی دیکھنا چاہتے ہیں، اگر ہم محسوس کریں کہ ناجائز حکومت کی پشت پر ادارے ہیں اور اس کا تحفظ کررہے ہیں، تو پھر 2 دن کی مہلت ہے، پھر ہمیں نہ روکا جائے کہ اداروں کے بارے میں کیا رائے قائم کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے پاس مستعفی ہونے کےلیے 2 دن کی مہلت ہے، وگرنہ عوام کا سمندر طاقت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کے گھر جاکر انہیں گرفتار کرلے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا عوامی اجتماع ہے، تمام سیاسی جماعتوں کا یکجہتی کا فیصلہ دراصل قومی مطالبہ ہے، سب کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ 25 جولائی کے الیکشن فراڈ تھے اور دھاندلی کا شکار تھے، حکومت کو بہت مہلت دے دی، مزید مہلت دینے کے روادار نہیں، ہم مزیدصبروتحمل کا مظاہرہ نہیں کر سکتے، اب ایک ہی فیصلہ کرنا ہے اس حکومت کو جانا ہے، قوم ان سے آزادی چاہتی ہے۔