Nov ۱۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۱ Asia/Tehran
  • مولانا فضل الرحمان نے دھرنے کے لئے مذہب کارڈ استعمال کیا: عمران خان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اس بیان کے بعد کہ آزادی مارچ سے حکومت کی جڑیں کٹ گئیں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد دھرنے کے دوران مذہب کارڈ استعمال کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے پلان بی سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی اور مولانا فضل الرحمان کی اداروں پر تنقید کی مذمت کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا نے آزادی مارچ کے دوران مذہب کارڈ استعمال کیا اور فضل الرحمان نے دھرنے سے کشمیرکاز کو شدید نقصان پہنچایا۔

دریں اثنا نوشہرہ میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک بھرمیں ملین مارچ کرکے کروڑوں لوگوں سے رابطہ کیا، اسلام آباد میں آزادی مارچ شروع کیا جو دو ہفتے جاری رہا، مارچ سے حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اور اب حکومت ایک جھٹکے سے ختم ہوجائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  ہم پاکستان میں یہودی راج نہیں مانتے اسلامی تشخص برقرار رکھیں گے، ملک تباہی کی طرف جارہا ہے اسے ہم بچائیں گے اور ہم پاکستان کو افغانستان، عراق اور لیبیا نہیں بنانا چاہتے بلکہ عوامی قوت سے حکومت کو چلتا کریں گے۔

ٹیگس