غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں : عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے کہا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اس فیصلے پر فکر مند نہ ہوں کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت روزآنہ کی بنیادوں پر ہوگی ۔انھوں نے ایک اجلاس سے خطاب میں کہا کہ انھوں نے پارٹی فنڈنگ کو پہلے ہی آڈٹ کرا رکھا ہے اور اس کا ثبوت بھی عدالتوں میں پیش کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اس سلسلے میں بتایا ہے کہ عمران خان کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن تینوں بڑی سیاسی جماعتوں یعنی پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے غیر ملکی فنڈنگ کے مقدمات کی ایک ساتھ سماعت کرے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں روز آنہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم صادر کردیا ہے۔یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کے سامنے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اراکین کے مظاہرے اور ان کے اس مطالبے پر کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روزآنہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے اور موجودہ چیف الیکشن کمیشن کے عہدے کی مدت ختم ہونے سے پہلے فیصلہ سنا دیا جائے۔