آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر شیخ رشید کا بیان
پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعوی کیا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے مسئلے میں ملک کی سبھی سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔
پاکستان کے ریلوے کے وزیر شیخ رشید نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوا کی مدت ملازمت میں توسیع پر سبھی سیاسی جماعتیں متفق ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں قانون سازی کے لئے چھے مہینے کی مہلت دی ہے لیکن یہ مسئلہ چھے مہینے میں ہی حل ہوجائے گا۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف قمرجاوید باجوا عمران خان اور موجودہ جمہوری حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں جس کا مقصد جمہوریت کی تقویت ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوا کی مدت ملازمت میں چھے مہینے کی مشروط توسیع کی ہے ۔
چیف جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت تعیناتی، ریٹائرڈ منٹ اور معطل کرنے سے متعلق کوئی قانونی نہیں ہے اس لئے عدالت موجودہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں چھے مہینے کی مشروط توسیع کرتے ہوئے حکم دیتی ہے کہ وفاقی حکومت اور پارلیمنٹ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے ، اس سلسلے میں پائے جانے والے ابہام کو دور کرے ۔