پاکستان کے وزیر دفاع کا ملک کے سابق فوجی جنریلوں پر بڑا الزام!
پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے الزام لگایا ہے کہ جنرل باجوہ، جنرل فیض حمید اور بانئ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کو پاکستان میں واپس بسایا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں کو واپس بسانے میں جنرل باجوہ کا کردار اہم تھا، فیض حمید تو گرفتار ہیں جنرل باجوہ سے تو پوچھا جائے کہ انہوں نے ان دہشت گردوں کو کیوں بسایا؟خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس کو مل کر حل کرنا ہو گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کی ذمے داری خیبرپختون خوا حکومت کو اٹھانی چاہئے وہ پی ٹی آئی کے اقتدار کی جنگ لڑ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے پی حکومت، دہشت گردی کے خلاف کچھ نہیں کر رہی ان کا کہنا تھا کہ مفاہمت کی سیاست وہاں ہوتی ہے جہاں دوسرا فریق حملہ آور نہ ہو۔ واضح رہے کہ پاکستان میں خواجہ آصف کے بیان پر ابھی کسی اور کی طرف سے کوئي ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔