Nov ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  •  پاکستانی شہریوں کے لئے ایران کے الٹکرانیک ویزے کی سہولت

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے اور قونصل خانوں نے پاکستانی شہریوں کے سفر کو آسان بنانے کے لئے الیکٹرانیک ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے

 موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہریوں کے لئے الیکٹرانک ویزے کی سہولت پہلی دسمبر بروز اتوار سے شروع کردی جائے گی۔

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے ناظم الامور محمد سرخابی نے سنیچر کو ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانیک ویزے جاری کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد ایران کے مختلف شہروں میں پاکستانی شہریوں کی رفت و آمد خاص طور سے تجارتی سرگرمیوں اور تاجروں کے لئے سفر کو آسان بنانا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہرسال دسیوں ہزار پاکستانی زائرین مشہد مقدس اور قم کی زیارتوں کے لئے زمینی راستے سے ایران اور پھر عراق کا سفر کرتے ہیں۔

گذشتہ برسوں کی مانند اس سال بھی ماہ صفر خاص طور سے اربعین حسینی کے موقع پر اسلام آباد ، لاہور ، کوئٹہ ، کراچی اور پیشاور میں ایران کے نمائندہ دفاتر نے زائرین کے لئے رات و دن ویزے جاری کئے۔

پاکستان میں ایران کے سفارت خانے اور قونصل خانوں نے گذشتہ برس دسیوں ہزار پاکستانی شہریوں کے لئے ویزے جاری کئے۔

پاکستان کی وزارت داخلہ نے بھی رواں سال اپریل سے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت اڑتالیس ممالک کے شہریوں کے لئے ویزے کےحصول کے عمل کو آسان بنانے کے لئے نئی پالیسی پر عمل درآمد شروع کرنے کی خبر دی ہے۔

ٹیگس