Dec ۰۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • امریکہ و اسرائیل  پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر فاٹا کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے تو گلگت بلتستان کا مسئلہ بھی حل ہونا چاہیئے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان حساس صورتحال سے گزر رہا ہے، گذشتہ دنوں پاکستان میں آئینی اور قانونی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، حکومت بحرانوں کے پیچھے عوامل کو سامنے لے آئے۔ امریکہ، اسرائیل اور خلیج فارس کے کچھ ممالک پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، خطے اور سی پیک کے منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فاٹا کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے تو گلگت بلتستان کا مسئلہ بھی حل ہونا چاہیئے۔ گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں شناخت دی جائے۔ افسوس اس بات پر ہے کہ گلگت کے عوام پاکستان کی شناخت مانگتے ہیں اور 70 سال سے ہم انہیں یہ حق نہیں دے سکے، اگر گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق نہ دیئے تو وہ ہر قسم کی قانونی و جمہوری جدوجہد کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بے گناہ افراد کو شیڈول فور کے ذریعے ہراساں کرنے کا عمل فوری طور پر بند کیا جائے، گلگت بلتستان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مسنگ پرسن کے ایشو پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے گناہ جبری گمشدہ شیعہ افراد کا مسئلہ انتقامی اور بیلنس پالیسی کا شاخسانہ ہے، لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے، وزیر اعظم، اعلیٰ عدلیہ، چیف آف آرمی اسٹاف لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر رکھنے کے لئے اقدامات کرے، زائرین کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ زائرین کا مسئلہ حل کیا جائے۔

ٹیگس