کوئٹہ دھماکے کی مذمت
پاکستان کے شہر کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں مسجد کے اندر دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق جب کہ 19 زخمی ہوگئے۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں مسجد کے اندر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
واضح رہے کل کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں مسجد کے اندر دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق جب کہ 19 زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق دھماکا نماز مغرب کی ادائیگی کے فوراً بعد ہوا جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں ڈی ایس پی پولیس امان اللہ اور امام مسجد بھی شامل ہیں۔
ترجمان سول اسپتال کا کہنا ہے کہ دھماکے کے 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے جب کہ دھماکے کے تمام زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل کوئٹہ میں ڈفرن اسپتال کے قریب زوردار دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔