Jan ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: برف باری اور بارشوں سے تباہی 22 افراد جاں بحق، پروازیں منسوخ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ڈی سی کوئٹہ کے مطابق شہری بیرونی راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کوئٹہ کراچی اور پنجاب روٹ پر برف باری کی وجہ سے مختلف مقامات پر سڑکیں بند ہیں جب کہ ممکنہ حادثات سے بچنے کے لیے تمام ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کو روٹ پر چلانے سے گریز کریں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے سڑکیں کھلوانے اور عوام کو ہرممکن امداد پہنچانے کےلیے صوبائی حکومت مکمل متحرک ہے، نوکنڈی کے علاقے میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو نکالنے کےلیے آرمی سے مدد مانگی ہے ۔

کوئٹہ میں برف باری کے باعث 10فیڈر بند ہونے سے شہر کے بیشترعلاقوں میں بجلی غائب ہے، کوئٹہ آنے اور جانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں ۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تراضلاع میں برف باری اور بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہے، صوبے کے بالائی علاقوں میں 3 سے 4 فٹ تک برف پڑچکی ہے اور یہاں کا دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔

مکران کےعلاقوں تمپ ، مند، زعمران اور بلیدہ سمیت ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی آنے سے کئی مکانوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اور زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں قلعہ عبداللہ میں 6 ، ژوب میں 6 اور پشین میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث چھتیں گرنے سے بچی اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔

ٹیگس