Jan ۱۸, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطبہ جمعہ کا بڑے پیمانے پرانعکاس

رہبرمعظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خطبہ جمعہ کا پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پرانعکاس ہوا ہے۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار ایکسپریس نے یہ شہ سرخی لگائی ہے: امریکا دنیا میں لاکھوں افراد کے قتل کا ذمہ دار ہے لیکن تسلیم نہیں کرتا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ جنرل سلیمانی کی شہادت نے امریکا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تہران میں نماز جمعہ سے قبل خطاب میں کہا گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والے واقعات سے سبق سیکھنا ہوگا، جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد ایرانی قوم متحد ہو کر سڑکوں پر نکلی، ہر ایرانی نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد یکجا ہو کر مغربی دنیا کو پیغام دیا۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ایران کی طرف سے امریکی فوجی اڈوں پر حملہ تاریخی دن تھا، امریکا نے ایران، عراق اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو قتل کیا، امریکا دنیا میں لاکھوں افراد کے قتل کا ذمہ دار ہے لیکن مانتا نہیں، جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، ہمیں جنرل سلیمانی کو ایک ہیرو کے طور پر نہیں بلکہ ایک نظریہ کے طور پر دیکھنا ہوگا جس پر ہم عمل کر سکیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہمیں متحد ہو کر امریکا کا مقابلہ کرنا ہے، یوکرائن کا طیارہ حادثہ ایک تلخ حادثہ تھا، غیر ملکی میڈیا نے یوکرائن کے طیارہ حادثہ کو جنرل سلیمانی کا قتل بھلانے کیلئے استعمال کیا، ہم طیارہ حادثے پرغم زدہ ہیں لیکن ہمارے دشمن خوش ہیں۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار جنگ نے یہ شہ سرخی لگائی ہے : مزاحمت جاری رہے گی

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ خطے کو دشمنوں سے پاک کرنے کے لیے مزاحمت جاری رہے گی۔

نماز سے قبل خطبے میں انہوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا، پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ایران کی طرف سے امریکی فوجی اڈوں پر حملہ تاریخی دن تھا، مگر ایران کا حملہ مغرور قوتوں کے چہرے پر طمانچہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا میں لاکھوں افراد کے قتل کا ذمہ دار ہے لیکن مانتا نہیں، مغربی حکومتیں امریکا کی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈرکا یہ بھی کہنا تھا کہ طیارہ حادثے پر غم زدہ ہیں، واقعے کی تحقیقات آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے اخبار ڈان کی شہ سرخی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بہروپیا ہے۔

تہران میں 2012 کے بعد پہلی مرتبہ جمعے کی نماز کی امامت کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بہروپیا ہے جو صرف ایرانی عوام کی حمایت کا دکھاوا کرتا ہے۔

تہران کی مصلیٰ مسجد میں دیے گئے خطبے میں آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ قوم کی پیٹھ پر زہریلا خنجر گھونپے گا، امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل کی شہادت کے بعد اس کے جنازے پر لوگوں میں غم و غصہ ایرانی عوام کا اپنے وطن سے محبت کا اظہار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے داعش کے خلاف لڑنے والے سب سے موثر کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی پر بغداد میں بزدلانہ حملہ کیا۔

ٹیگس