پاکستان اور چین کے درمیان معطل فضائی آپریشن بحال
Feb ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran
پاکستان اور چین کے درمیان معطل فضائی آپریشن آج سے بحال ہوگیا ہے اور پہلی پروازاسلام آباد ایئرپورٹ پرلینڈکرگئی ہے۔
چین کے شہر ارمچی سے 60 سے زائد مسافروں کو لے کر ساؤدرن چائنا ایئر کی پرواز ’سی زیڈ 6007‘ اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ چین سےآنےوالےمسافروں کی ایئرپورٹ پر سخت اسکریننگ کی گئی۔
علاوہ ازیں چین سے 40 پاکستانی طلبا بھی قطر ایئرلائن کےذریعے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی طلبا براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچے۔ وزارت صحت کے عملے نے تمام طلبہ کا ایئرپورٹ پر طبی معائنہ کیا اور پھر گھر جانے کی اجازت دیدی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث 29 جنوری سے دو فروری تک چین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ چین میں کرونا وائرس سے اب تک 361 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 17 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔