پاکستانی وزیرخارجہ بھی قرنطینہ کئے جائیں گے
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو چین سے واپس پہنچنے پر قرنطینہ کیا جائے گا۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ نے بدھ کو رپورٹ دی ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، صدر پاکستان عارف علوی کے ہمراہ چین کے دورے پر گئے تھے اور چین سے پاکستان پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انھیں پانچ دن کے بعد کورونا ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے-
ڈاکٹروں کے مطابق انھیں احتیاطی تدابیر کے طور پر قرنطینہ کیا جائے گا۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وہ کورونا کا ٹیسٹ کرائیں گے اور خود کو قرنطینہ میں رکھیں گے ۔
رپورٹ کے مطابق صدر پاکستان سمیت پورے وفد کا بیجنگ سے روانہ ہونے سے قبل کورونا ٹیسٹ انجام پایا تھا اور رپورٹ منفی آنے کے بعد وہ پاکستان کے لئے روانہ ہوئے تھے ۔
پاکستان کے صدر اور وزیر خارجہ ایک وفد کے ہمراہ باہمی تعاون مضبوط بنانے کی غرض سے پیر کو چین کے دورے پر گئے تھے۔پاکستان میں اب تک کورونا کے دوسو چھیالیس مریض پائے گئے ہیں جن میں ایک کی موت واقع ہو چکی ہے۔