Apr ۲۶, ۲۰۲۰ ۲۳:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستان، چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے 700 متأثر

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید سات سو افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بارہ ہزار سات سو تیئس ہو گئی۔
 
بتایا گیا ہے کہ اس درمیان ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا میں مبتلا مزید پندرہ افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد دو سو انہتر ہوگئی۔ پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ اب تک کورونا سے دو ہزار آٹھ سو چھیاسی افراد صحتیاب ہوچکے ہیں اور نو ہزار پانچ سو اٹھاسی افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
پاکستان میں صوبہ پنجاب کورونا سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں کورونا سے متاثرین کی تعداد پانچ ہزار تین سو اٹھہتر اور اموات اکیاسی ہو چکی ہیں۔ پنجاب کے بعد دوسرے نمبر پر سندھ ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد چار ہزار دو سو بتس اور ہلاکتیں اٹہتر بتائی گئی ہیں۔
کورونا سے مرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختون خوا میں ترانوے ہے جہاں متاثرین کی کل تعداد ایک ہزار سات سو ترانوے ہے۔
بلوچستان میں متاثرین سات سوبائیس، اموات گیارہ، گلگت بلتستان میں اموات تین، متاثرین تین سو آٹھ، اسلام آباد میں تین اموات اور متاثرین دو سو پینتس بتائے گئے ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متاثرین کی تعداد پچپن ہے اور یہاں کورونا سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی ہے۔

ٹیگس