پاکستان کا دعوی، ہندوستانی فوجیوں کی فائرنگ میں خاتون جاں بحق، ناظم الامور وزارت خارجہ میں طلب
پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے اور شہری کے جاں بحق ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے ہندوستانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ میں سارک اور جنوبی ایشیا کے امور کے ڈائریکٹر جنرل زاہد حفیظ چودھری نے ہندوستانی ناظم الامور گورو اہلووالیا کو طلب کیا اور 27 اپریل کو ہندوستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں شہری کی موت پر بھرپور احتجاج کیا۔
زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ ہندوستانی اقدامات 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ساتھ ہی انسانی حقوق اور عالمی اقدار کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے اس قدم سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ میں سارک اور جنوبی ایشیا کے امور کے ڈائریکٹر جنرل زاہد حفیظ چودھری نے مزید کہا کہ ہندوستان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا کر کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
انہوں نے ہندوستان سے جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرتے ہوئے ان واقعات کی تفتیش کرانے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن کے قیام کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی رہائشی خاتون جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہو گئی۔