May ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • شکیل الرحمان کی درخواست ضمانت پر نیب کو اٹھائیس مئی کے لئے نوٹس جاری

لاہور ہائی کورٹ نے جنگ اور جیو گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمان کی درخواست ضمانت پر نیب کو اٹھائیس مئی کے لئے نوٹس جاری کردیا ہے۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں منگل کو جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ میر شکیل الرحمان کے وکیل احمد پرویز نے سماعت کے دوران کہا کہ میر شکیل الرحمٰن جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، انہیں جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ضمانت پر نیب کو اٹھائیس مئی کے لیے نوٹس جاری کر دئیے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار پینتالیس سال سے صحافت اور نیوز بزنس سے وابستہ ہے۔ اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب نے غیرقانونی طور پر انہیں گرفتار کیا اور گرفتاری کی وجوہات بھی غیرقانونی ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب نے گرفتاری سے قبل اپنے ہی بنائے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور نیب کی جانب سے دورانِ تفتیش کچھ برآمد نہیں ہوا، لہذا میر شکیل الرحمان کو ضمانت پر رہائی دی جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے احتساب بیورو نے میر شکیل الرحمان کو انیس سو چھیاسی میں ایک جائیداد کی خریداری کے معاملے میں گزشتہ بارہ مارچ کو گرفتار کر لیا تھا ۔

ٹیگس