Jun ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۳:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کا دو سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے پر سخت ردعمل

پاکستان نے اپنے دو سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستانی ناظم الامور کو رات گئے دفتر خارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان نے ہندوستان کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی میں سفارتی مشن کے دونوں اہلکاروں کو پہلے حراست میں لیا گیا، انہیں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات تسلیم کرنے پر مجبور کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی مداخلت پر انہیں رہا تو کردیا لیکن ناپسندیدہ شخصیات قراردے کر 24 گھنٹے میں ملک سے نکل جانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ عائشہ فاروقی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی یہ حرکتیں سوچے سمجھے منصوبے اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں۔ پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے اور ہندوستان کی یہ حرکتیں ویانا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ نئی دہلی میں پاکستان کے ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دونوں سفارتکار ہندوستان کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، مراسلے میں پاکستانی ناظم الامور سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پاکستانی مشن کا کوئی اہلکار اپنے منصب کے منافی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہو۔

ٹیگس