پاکستان کے آرمی چیف کا دورہ کابل
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اچانک کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر اچانک افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے - پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل باجوہ نے اپنے دورہ کابل میں افغانستان کے صدر اشرف غنی اور اعلی امن کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی-
اس ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور سرحدی انتظامی امور سے متعلق معاملات پر بات چیت ہوئی- جنرل باجوہ اور صدر اشرف غنی کی ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا- پاکستانی آرمی چیف کے دورہ کابل میں آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل فیض احمد اور افغانستان کے لئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی ان کے ہمراہ تھے- محمد صادق کو ابھی حال ہی میں پاکستان کی وزارت خارجہ نے افغانستان کے امور میں پاکستان کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے- محمد صادق دوہزار آٹھ سے دوہزار چودہ تک کابل میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں-
پاکستان کے آرمی چیف کا یہ دورہ ایک ایسے وقت انجام پایا ہے جب ایک روز قبل ہی افغانستان کے امور میں امریکا کے خصوصی نمائندے زلمی خلیل زاد نے پاکستان میں جنرل باجوہ سے ملاقات کی تھی -