Jun ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۹ Asia/Tehran
  • نئی دہلی کی دھمکی سے نمٹنے کو تیار ہیں: محمود قریشی

پاکستان کے وزیر خارجہ نے ہندوستانی وزیر داخلہ کے دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد، نئی دہلی کی دھمکی کا جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہندوستانی وزیر داخلہ امت شاہ کی پاکستان کے خلاف فضائی کارروائیوں کی دھمکی کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اس کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد علاقے میں امن و سلامتی چاہتا ہے تاہم ہندوستان کی کسی بھی کارروائی کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ہندوستانی وزیر خارجہ امت شاہ کی دھمکی پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھی کہا کہ ہندوستان 27 فروری 2019ء میں پاکستان کی جانب سے دئیے گئے موثر جواب کو فراموش نہ کرے۔

خیال رہے کہ ہندوستانی وزیر داخلہ امت شاہ نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی ایسے عالم میں بڑھ گئی ہے کہ آج کل کشمیر میں کنٹرول لائن پر بھی دونوں ملکوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور پاکستانی فوج نے اپنی سرحدوں کے اندر ہندوستان کے کئی جاسوس طیارے مار گرائے ہیں۔ دوسری جانب ہندوستان اور چین کے درمیان بھی سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس