جولائی تک دس سے بارہ لاکھ افراد کورونا کا شکار ہو سکتے ہیں: پاکستانی وزیر
پاکستان میں کورونا وائرس کے مقابلے مزید 97 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 729 تک پہنچ گئی۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی لاپروائی اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 85 ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک مجموعی طور پر 8 لاکھ 97 ہزار 650 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 5 ہزار 248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 97 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد 2 ہزار 729 تک پہنچ گئی۔
کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار اکتیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کی رائے ہے کہ جولائی کے آخر تک کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک جا سکتی ہے۔
کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے سبب اس ملک کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رضا کاروں کے ذریعے ایس او پیز پرعمل کرائیں گے، ایس او پیز پر انتظامیہ اور ٹائیگر فورس عملدرآمد کرائے گی، اب ہمیں سختی کرنی ہے، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے، اگر کنسٹریکشن سائٹ پر لوگ احتیاط نہیں کریں گے تو اسے بھی بند کر دیا جائے گا۔