Jun ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان، ایک لاکھ چون ہزار کورونا میں مبتلا، تین ہزار جاں بحق

پاکستان کورونا مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 760 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 2 ہزار 975 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں 93 ہزار 348 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 58 ہزار 437 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے زیادہ 58 ہزار 239 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 149 ہو گئی ہیں۔ جبکہ لاہور میں کورونا سے زیادہ متاثرہ 66 علاقوں کو سیل کر دیا گیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں 30 جون تک دفعہ 144 بھی نافذ کردی ہے۔

پاکستان میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ طبی اصولوں پرعمل نہ کرنے اور بڑھتی ہوئی لاپروائی اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ٹیگس