پاکستان میں کورونا کا قہر جاری، مریضوں کی تعداد میں اضافہ
پاکستان مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15ویں نمبر پر آگیا ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے چار ہزار چھے سو چھیاسٹھ نئے مریضوں اور ایک سو آٹھ اموات کا اندراج کیا گیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام تک پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بڑھ کے ایک لاکھ، باسٹھ ہزار، چار سو چار اور اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار، ترانوے ہوگئی۔
پاکستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک کورونا کے انسٹھ ہزار، دو سو پندرہ مریض صحتیاب ہوچکے ہیں لیکن اب بھی ستانوے ہزار آٹھ سو دس مریض اسپتالوں میں زیر علاج یا اپنے گھروں میں آئسو لیشن میں ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد بدستور صوبہ پنجاب میں ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں اس صوبے میں کورونا سے ترپن افراد لقمہ اجل بنے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار دو سو دو ہوگئی ۔ اس دوران کورونا کے مزید ایک ہزار آٹھ سو ننانوے نئے مریضوں کا اندراج ہوا جس کے بعد پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ساٹھ ہزار ایک سو اڑتیس ہوگئی
صوبہ سندھ، مرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر لیکن متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے پہلے نمبر ہے۔ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار دو سو چھیاسی نئے مریضوں اور اڑتالیس نئی اموات کا اندراج ہوا جس کے بعد اس صوبے میں متاثرین کی تعداد باسٹھ ہزار دو سو انہتر اور مرنے والوں کی تعداد نو سو چونسٹھ ہوگئی ہے۔
تیسرے نمبر پر صوبہ خیبر پختونخوا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد انیس ہزار چھے سو تیرہ اور اموات سات سو پچپن ہوگئی ہیں۔پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں متاثرین آٹھ ہزار سات سو چورانوے اموات ترانوے، گلگت بلتستان میں متاثرین ایک ہزار دو سو تیرہ اموات اٹھارہ اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متاثرین سات سو چالیس اموات پندرہ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین نو ہزار چھے سو سینتس اور اموات چورانوے ہوگئی ہیں۔