پاکستان میں بین الاقوامی فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال
حکومت پاکستان نے جمعے کی شب سے بین الاقوامی فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
پاکستان کی وفاقی حکومت کی اجازت کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد تمام ایئرلائنز کے لئے معمول کے مطابق پاکستان کے لیے مسافر لانے اور وہاں سے لے جانے کا امکان فراہم ہو گیا ہے۔ اس سے قبل حکومت پاکستان نے صرف پاکستان سے مسافروں کو لے جانے کی اجازت دی تھی جبکہ پاکستان کے لیے مسافر لانے کو خصوصی اجازت سے مشروط کیا تھا ۔
کورونا لاک ڈاؤن کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد پاکستان میں فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ضرور کر دیا گیا ہے مگر ساتھ ہی سِول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں ۔ بیرون ممالک سے آنے والے ایسے تمام مسافر جن میں کورونا کی علامات نہیں ہوں گی انہیں فوری طور پر گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی جبکہ ایسے تمام مریض جن میں علامات ہوں گی ان کے ٹیسٹ کیے جائیں گے اور انہیں قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ یہ اقدام خصوصی طور پر ہمارے بیرونِ ملک کام کرنے والے ہم وطنوں کے لیے کیا جا رہا ہے جو اس کورونا وائرس کی وباء کا بہت نقصان اٹھا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے کہ مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی ممالک کی فہرست میں پاکستان 13 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 71 ہزار 666 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 382 تک جا پہنچی ہے۔