Jun ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۷ Asia/Tehran
  • وزیرستان میں سیکورٹی فورس پر دہشت گردوں کی فائرنگ، دو فوجی جاں بحق

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی و جنوبی وزیرستان کے قریب دہشتگردوں کے حملے میں دو فوجی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے گیروم کے قریب دہشت گردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت دو فوجی اہلکار جاں بحق اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

لڑائی میں دو پاکستانی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں دس جون کو شمالی وزیرستان میں میران شاہ کے قریب ہوئے ایک دھماکے میں دو پاکستانی فوجی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے تھے۔ کچھ عرصے سے شمالی وزیرستان کے علاقے میں سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔

ٹیگس