پاکستان کے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری انتقال کر گئے
علامہ طالب جوہری کی میت انچولی میں مسجد خیرالعمل منتقل کردی گئی جہاں مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز ظہرین امروہہ گراونڈ انچولی میں ادا کی جائےگی۔
پاکستان کے معروف عالم اور ذاکر علامہ طالب جوہری 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے وہ گزشتہ 15 روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرعلاج تھے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
علامہ طالب جوہری کے انتقال پر سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایک عظیم عالم دین سے محروم ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ علامہ طالب جوہری جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ علامہ طالب جوہری ستائیس اگست انیس سو اتنالیس کو غیر منقسم ہندوستان کے شہر پٹنے میں پیدا ہوئے۔ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔
عشرہ محرم اور خاص طور سے شام غربیاں میں ان کی تقاریر پاکستان کے قومی ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے براہ راست نشر کی جاتی تھیں اور انہیں پاکستان کے تمام اسلامی فرقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ ایک عرصے تک کراچی کے نشتر پارک میں ہونے والی مرکزی مجلس عزا سے خطاب کرتے رہے۔
حکومت پاکستان نے ان کی گرانقدر دینی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔
علامہ طالب جوہری نے اعلی دینی تعلیم حوزہ علمیہ نجف اشرف سے حاصل کی ہے، وہ آیت اللہ العظمی خوئی اور آیت اللہ سید محمد باقرالصدر کے دروس میں بھی شریک رہے۔
یہ بھی پڑھئے: علامہ طالب جوہری کو سپرد خاک کر دیا گیا