Jun ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۹ Asia/Tehran
  • پاکستان، پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر اپوزیشن جماعت کا احتجاج

پاکستان کی حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ نون نے ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے سرکاری فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماؤں خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ، صرف پیٹرول پر نہیں رکے گا۔

انہوں نے پیٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیر اعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ زیادہ دیر نہیں لگے گی کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جو زرعی مصنوعات، اشیائے خور و نوش سمیت ہر چیز کو متاثر کردے گا۔

اس موقع پر پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں پچیس روپئے کا اضافہ ہوا ہے جو عوام کی قوت خرید سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو سنبھالنے اور ٹیکس کی وصولی میں ناکام ہو گئی ہے۔ اس نے اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے اپنی نالائقی، نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے۔

قبل ازیں پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر توانائی نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی مجبوری ہے اس کے باوجود گذشتہ ماہ کے دوران نہ صرف برصغیر بلکہ جنوبی ایشیا میں پیٹرول کی قیمت پاکستان میں سب سے سستی رہی۔

ٹیگس