اسٹاک مارکیٹ حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے: پاکستان
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر دہشت گردانہ حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کے بیرونی رابطوں کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس سے پہلے بھی دہشت گردانہ حملوں میں ہندوستانی انٹیلی جینس ایجنسیوں کی مداخلت کے شواہد پیش کرچکی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری ہمسیایہ ملکوں میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدمات رکوانے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے۔
پیر کے روز کراچی میں واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس افسر سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ بلوچ لبریشن آرمی نامی دہشت گرد گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔