Jul ۰۴, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۴ Asia/Tehran
  • عیدالاضحی پر کورونا کو روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں: عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم نے عیدالاضحی کے موقع پر کورونا وائرس کے سلسلے میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کا حکم دیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام کے سو دن مکمل ہونے کے موقع پر اس سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کئي وفاقی وزرا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے، جبکہ صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس کے پھیلاؤ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے کورونا کی وبا کے خلاف موثر ردعمل اور ملک بھر میں مربوط اقدامات یقینی بنانے کے لیے این سی او سی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سینٹر نے کورونا کے خلاف صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ، صحت کے نظام کی استعداد بڑھانے، قابل اعتبار ڈیٹابیس کی تیاری اور مناسب ایس او پیز کی تشکیل میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر برسر پیکار ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ہنگامی صورتحال میں کام کرنے والے ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے اسی طرح کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر کورونا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد سوا دو لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد چار ہزار چھے سو سے زیادہ ہو گئي ہے۔

ٹیگس