Jul ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کرونا کے نئے اعداد و شمار

پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کرگئی۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق جمعرات کی شام تک چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار چھے سو ستاون نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ بیالیس ہزار تین سو چھیاسی ہوگئی۔
اس دوران کورونا سے مزید انہتر افراد جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار تئیس ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا سے ایک لاکھ پینتالیس ہزار تین سو گیارہ افراد صحتیاب ہو چکے ہیں اور نوے ہزار پانچ سو چون افراد اب بھی کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد اسپتالوں میں زیر علاج یا قرنطینہ مراکز اور اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔
پاکستان میں صوبہ سندھ بدستور کورونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار پانچ سو اڑتیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد اس صوبے میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ نو سو ہوگئی ۔سندھ میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید چالیس مریض چل بسے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار چھے سو ستتر ہوگئی۔
لیکن پاکستان میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب میں ایک ہزار نو سو پچپن ہے۔ پنجاب میں نو سو اٹھاسی نئے مریضوں کے اندراج کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد چوراسی ہزار پانچ سو ستاسی ہو گئی ہے۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا سے متاثرین کی تعداد تیرہ ہزار سات سو اکتیس اور مرنے والوں کی تعداد ایک سو بیالیس ہو چکی ہے۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Group1 Invite link

https://chat.whatsapp.com/BnSULu73lVs92I9siS25as

Group2 Invite link

https://chat.whatsapp.com/HpuAlxRqJKIGqNpUyw64ia

 

ٹیگس