شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
ہمارے نمائندۂ لاہور کے مطابق میاں شہباز شریف بذات خود عدالت کے کٹہرے میں حاضر ہوئے اور اپنے وکلا کی عدم دستیابی کی وجہ سے عبوری ضمانت میں توسیع کی استدعا کی۔
جسٹس مسعود عابد نقوی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کیس کی مختصر سماعت کے بعد، شہباز شریف کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔ فیصلے کی رو سے قومی احتساب بیورو نیب تیئس جولائی سے قبل میاں شہباز شریف کو گرفتار نہیں کر سکے گا۔
پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدنی سے زائد اثاثہ جات رکھنے کے الزام میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔
شہباز شریف کی عدالت میں حاضری کے موقع پر لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ہے- اس موقع پر لیگی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر موجود تھی۔