ایران و پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی توسیع پر تاکید
ایران کے ٹرانسپورٹیشن اور شہری ترقی کے وزیر اور تجارت و سرمایہ کاری کے امور میں وزیراعظم پاکستان کے مشیر نے بینکنگ، سڑکوں، ریلوے اور سرحدی علاقوں میں صنعتی مراکز کے قیام کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ٹرانسپورٹیشن اور شہری ترقی کے وزیر محمد اسلامی اور تجارت و سرمایہ کاری کے امور میں وزیراعظم پاکستان کے مشیر عبدالرزاق داؤود نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اپنی ایک نشست میں ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اس ورچوئل اجلاس میں پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر نے دونوں ملکوں کے درمیان مالی اور بینکنگ کے شعبوں میں تعاون کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مضبوط و مستحکم بنانے کے لئے اقتصادی و تجارتی تعاون کی توسیع کی ضرورت پر تاکید کی۔
فریقین نے اسی طرح ایران اور پاکستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا آئندہ اجلاس ستمبر میں تشکیل دینے سے اتفاق کیا۔ سرحدی علاقوں میں صنعتی مراکز کا قیام، سرحدی لین دین کے عمل میں تیزی لانے اور سرحدی گذرگاہوں سے ڈرائیوروں کی آمد و رفت میں سہولیات کی فراہمی نیز ریلوے تعاون کی توسیع بھی ایسے مسائل تھے کہ جن پر اس نشست میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link