Aug ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی صورتحال میں بہتری

پاکستان میں کورونا کے مریضوں اور اموات میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران صرف چھے اموات ریکارڈ کی گئیں۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے پانچ سو ترپن نئے مریضوں کے اندارج کے بعد ملک میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد دو لاکھ اناسی ہزار چھے سو ننانوے ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران پاکستان میں کورونا سے صرف چھے اموات ریکارڈ گئی ہیں اس طرح اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد پانچ ہزار نو سو چھہتر تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے پچیس ہزار ایک سو چھیالیس مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔پاکستان میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کا تناسب اٹھاسی فیصد ہے اور اب تک اس بیماری سے شفایاب ہونے والی کی تعداد دو لاکھ اڑتالیس ہزار پانچ سو ستتر بتائی جاتی ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ اور پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض پائے گئے۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ اکیس ہزار سے زائد جبکہ پنجاب میں ترانوے ہزار سے زائد ہے۔دونوں صوبوں میں کورونا سے بالترتیب دو ہزار دوسو اور دو ہزار ایک سو سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:

9: https://chat.whatsapp.com/FI0EhwfdLa0KpUhbFMXnfM

 

ٹیگس