Aug ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کشمیریوں سے یکجہتی کی ریلی پر بم حملے میں درجنوں زخمی

پاکستان کے شہر کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے نکالی گئي کشمیر ریلی پر دستی بم سے حملہ کیا گيا جس میں تیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبۂ سندھ کے وزیر صحت سندھ کی ترجمان نے دھماکے میں تینتیس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک سینیر پولیس افسر نے بتایا کہ ریلی میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔ یہ ریلی ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے لیے نکالی گئي تھی۔

ابھی تک کسی بھی شخص یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ بدھ کے روز اسی طرح کی ریلی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نکالی گئي تھی۔ ایک سال قبل پانچ اگست کو ہندوستان کی مرکزی حکومت نے جموں کشمیر کے خصوصی اختیارات کو منسوخ کر دیا تھا اور اس علاقے میں کئي مہینوں تک لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا۔

ٹیگس