آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش
احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت میں سابق صدر آصف زرداری ذاتی حیثیت میں پیش ہوگئے جہاں عدالت نے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے نو ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج اصغرعلی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی جہاں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری خود پیش ہوئے-
عدالت میں پیشی کے موقع پر آصف زرداری نے کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ماسک اور فیس شیلڈ بھی لگا رکھی تھی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے- آصف علی زرداری کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے دیگر اعلی رہنما بھی موجود تھے-
عدالت نے نو ستمبر کو ایک بار پھر آصف زرداری کو طلب کیا ہے- پیشی کے بعد احتساب عدالت کے باہر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور وکلا کو عدالت آنے سے روکا گیا یہ سب جج پر دباؤ ڈالنے کی کوشش تھی یا ہم پر۔
انہوں نے حکومت کو چیلنج کیا کہ پورے خاندان کو گرفتار کرنا ہے کرلو لیکن جمہوریت اور اٹھارہویں ترمیم پراپنا موقف تبدیل نہیں کریں گے-
بلاول بھٹو نے کہا کہ کبھی ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت ہوتی ہے تو کبھی ذاتی حیثیت میں عدالت میں زبردستی بلایا جاتا ہے یہ سب ہمارے خاندان کے ساتھ نفسیاتی کھیل کھیلا جا رہا ہے۔