Aug ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر توجہ دے

پاکستان کی وزارت خارجہ نے عالمی برداری سے مسئلہ کشمیر پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ جنوبی ایشیا کا اہم ترین مسئلہ ہے اور اس کو  حل ہونا چاہیے۔

بیان میں احتجاج کرنے والے کشمیری شہریوں کے ساتھ ہندوستانی سیکورٹی فورس کے مبینہ تشدد پر عالمی برادری کی خاموشی کی بھی مذمت کی گئی ہے۔

بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ عالمی ادارے کشمیری مسلمانوں کے حوالے سے اپنے کردار کو بہتر بنائیں گے اور اس تاریخی مسئلے کے حل میں مدد دیں گے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر ہندوستان کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ بیان میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت دوبارہ بحال کرائیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلسل کرفیو کے نفاذ اور دواؤں کی ترسیل نہ ہونے کے سبب کورونا سے مرنے والے کشمیری مسلمانوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

ٹیگس