پاکستان کے سینئرسیاستدان میرحاصل بزنجوکو آج سپرد خاک کیا جائے گا
سینیٹر حاصل بزنجو کے انتقال پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، صدر مسلم لیگ ن اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل سمیت کئ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نیشنل پارٹی کے رہنما اور سینئر سیاستدان سینیٹر میر حاصل بزنجو طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کئی ماہ سے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے، ان کی میت قافلے کی شکل میں ان کے آبائی علاقے ضلع خضدار نال لائی جائے گی اور وہیں تدفین کی جائے گی۔
اُدھر خاندانی ذرائع کے مطابق میر حاصل بزنجو کو جمعہ کے روز ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ان کی تدفین خضدار کے علاقے نال میں جمعے کی شام 5 بجے ہوگی۔
62 سالہ میرحاصل بزنجو پاکستان کے ممتاز سیاسی رہنما، سابق گورنر بلوچستان اور 1973 کی آئین ساز کمیٹی کے رکن میرغوث بخش بزنجو کے صاحبزادے تھے۔
میر حاصل بزنجو نے 1989ء میں اپنے والد کے انتقال کے بعد سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور پاکستان نیشنل پارٹی کا حصہ بنے۔ 1990ء میں پارٹی ٹکٹ پر پہلی بار انتخابات میں حصہ لیا اور رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ کئی بار جیل کے سلاخوں کے پیچھے بھی گئے۔