پاکستان نے کورونا پر قابو پالیا، کورونا سے ماند پڑنے والی رونقیں بحال
پاکستان میں کورونا کی وبا کے باعث ماند پڑنے والی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئیں، 4 ماہ سے بند نجی ہوٹلوں کے کھلتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ وہاں کا رخ کرکے باربی کیو اور دیگر کھانوں کا لطف اٹھایا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا کے 586 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 174 ہو گئی ہے۔ فعال کیسزکی تعداد 10 ہزار 626 ہے اور صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار 317 ہو گئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا سے مزید 10 اموات ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 6231 ہو گئی۔
سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 691، دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 96 ہزار 57، کے پی میں 35 ہزار 602، بلوچستان میں 12 ہزار473 ، اسلام آباد میں 15 ہزار 472، اور گلگت بلتستان میں 2638 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے۔
کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔