پاکستانی وزیر خارجہ سے طالبان وفد کی ملاقات
Aug ۲۵, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۱ Asia/Tehran
افغان طالبان کے وفد نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ میں انجام پانے والی اس ملاقات میں افغان امن کے عمل میں پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔
ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں افغان طالبان کا یہ وفد پاکستان کے وزیر خارجہ کی دعوت پر اسلام آباد پہنچا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں طالبان کے وفد نے امریکا طالبان معاہدے پر عمل در آمد سے متعلق تازہ صورتحال کی رپورٹ بھی پیش کی۔
شاہ محمود قریشی نے اس ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان شروع دن سے ہی کہتا رہا ہے کہ افغان مسئلے کا مستقل بین الافغان مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان امن کے عمل میں اپنا مصالحانہ کردار پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کیا ہے۔