شدید بارشوں نے کراچی میں تباہی مچادی
پاکستان کے سب بڑے شہر کراچی میں ہونے والی شدید بارشوں نے تباہی مچادی ہے اور شہر کو آفت زدہ قرار دیے جانے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون بارشوں کا چھٹا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
کراچی میں جمعرات کو بھی مسلسل کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی تھی اور سیکڑوں لوگ گھروں اور دفاتر میں محصور ہو کے رہ گئے۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو اسکولوں اور دیگر محفوظ مقامات میں منتقل کر رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ فوج بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
بارش کے باعث کراچی کی مرکزی شاہراہیں، علاقے، کاروباری مراکز زیر آب آگئے ہیں جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔ شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے دیواروں کے منہدم ہونے اور کرنٹ لگنے جیسے متعدد واقعات میں چھبیس افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ بارشوں کے باعث کراچی میں تباہ کن صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبہ سندھ کے آٹھ اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے گا۔ کہا جا رہا ہے کہ شہر میں بارشوں کا اسّی سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق انیس سو اکتس کے بعد سے کراچی میں اگست کے دوران اتنی شدید بارش کبھی نہیں ہوئی۔