Sep ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • پاکستانی عدالت نے امریکی بلاگر کو ملک بدر کرنے سے روک دیا

پاکستان کی ایک عدالت نے امریکی بلاگر سینتھیا رچی کو فوری طورپر ملک بدر کرنے سے روک دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ سینتھیا رچی کی جانب سے دائر کی جانے والے شکایت کی سماعت کے بعد دیا ہے۔ سنتھیا رچی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ کی جانب سے ان کے ویزا میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعد سینتھیا رچی کوفوری طور پر ملک بدر نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

دو ستمبر کو پاکستان کی وزارت داخلہ نے امریکی شہری سینتھیا رچی کے ویزے کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں پندرہ روز کے اندر پاکستان چھوڑنےکا حکم دیا تھا۔امریکی بلاگر سنتھیا رچی کافی عرصے سے پاکستان میں مقیم ہیں لیکن چند ماہ قبل سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے ایک نامناسب ٹوئٹ کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی نے ان کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔بعدازاں امریکی بلاگر نے پاکستان کے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر عصمت دری اور پیپلز پارٹی کے دو دوسرے رہنماؤں پر دست درازی کے الزامات عائد کیے تھے۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کی جانب سے امریکی بلاگر کے خلاف ہتک عزت کا دعوی بھی دائر کیا گیا ہے۔

ٹیگس