Sep ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • شہباز شریف گرفتار، آصف زرداری پر فرد جرم عائد

پاکستان میں حزب اختلاف کے رہنما اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کو لاہور ہائی کوروٹ سے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی بہن پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

شہباز شریف پیر کو آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے جہاں ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست ضمانت پر دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ شہباز شریف کی درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب کے اہلکاروں نے ہائی کورٹ کے احاطے سے ہی شہباز شریف کو حراست میں لے لیا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی گرفتاری پر مسلم لیگ نون کے مشتعل اراکین نے قومی احتساب بیورو نیب اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔

اُدھر سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت نے آصف علی زرداری ، فریال تالپور اور بعض دیگر ملزمین کے خلاف فرد جرم عائد کی۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ نے فرد جرم قبول کرنے سے انکار کردیا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تین کرپشن ریفرنس اور جعلی بینک کھاتوں کے مقدمات میں سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواستیں خارج کر کے ان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا حکم صادر کیا تھا۔

ٹیگس