نواز شریف نے حکومت وعوام کو دھوکہ دیا ہے: اسلام آباد ہائی کورٹ
پاکستان کی ایک اعلی عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دھوکہ دھی کا مرتکب قرار دیا ہے۔
میڈیا رپوٹوں کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ ملزم حکومت اور عوام کو دھوکا دے کر گیا ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا کیونکہ گزشتہ سماعت میں ان کے وکیل خواجہ حارث اپنے مؤکل کی درخواست مسترد ہونے پر کیس کی پیروی سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم لندن میں بیٹھ کر حکومت اور عوام پر ہنستا ہوگا، یہ نہایت شرمندگی کا مقام ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم کے خلاف مذکورہ کیس کی سماعت اب سات اکتوبر کو ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو العزیزیہ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سات سال قیدِ بامشقت اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی تاہم گزشتہ برس اکتوبر میں لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کی درخواست پر ان کی سزا چھے ہفتے کے لیے معطل اور انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی جس کے بعد سے آج تک وہ لندن میں مقیم ہیں۔