Oct ۰۹, ۲۰۲۰ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • نواز شریف کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی تیاری

پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف غداری مقدمے کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی کے حکم پر ایس پی سی آئی اے لاہور کی سربراہی میں چار افسران پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی جو میاں نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کے خلاف غداری کے مقدمے کی تفتیش کرے گی۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مقدمے کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے خلاف غداری اور ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ نواز شریف پاکستان کی اعلی عدالتوں سے مجرم قرار پائے ہیں اور انھوں نے بیس ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس اور یکم اکتوبر کو اپنی پارٹی کے اجلاس میں کی گئی تقاریر میں ملکی اداروں کو بدنام اور عوام کو بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی ہے۔

ٹیگس